جب پاکستان نے وزیر اعظم نواز شریف کے علم میں لائے بغیر ...

جب پاکستان نے وزیر اعظم نواز شریف کے علم میں لائے بغیر طالبان حکومت کو قبول کیا

شکست خوردہ روسی افواج کے انخلاءکے بعد بننے والی مجاھدین کی حکومتیں ان عزائم کوعملی جامہ نہ پہناسکیں جو غیرملکی جارحیت سے نبردآزما نوجوانوں کے دل ودماغ میں رچے بسے تھے۔ ہمہ گیرمایوسی بڑھی تو مختلف جہادی تنظیموں سے وابستہ طلبا، ملاعمر کی قیادت میں جمع ہوئے۔ قندھار میں پہلا باضابطہ اجلاس کرنے والے ان طلبہ کی تعداد پچاس کے لگ بھگ تھی۔ چمن کے قریب پاک افغان سرحد کی ایک اہم چوکی سپین بولدک سے شروع ہونے والی تحریک نے سب سے پہلے قندھار ائیر پورٹ اور پھر قندھار پر قبضہ جمایا۔ پھر یہ قافلہ پھیلتا اور آگے بڑھتا گیا۔ ستمبر1996 میں طالبان نے کابل میں قدم رکھے اوریوں پورا افغانستان اُُن کے زیرنگیں آگیا۔ تب پاکستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت تھی۔ پھر نگران انتظامیہ آگئی۔ فروری 1997 میں نوازشریف کی وزارت عظمی کا دوسرا دور شروع ہوا۔ طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے وہ نفع ونقصان کے زائچے بنانے میں مصروف تھے۔ دوست ممالک سے اُن کا رابطہ تھا۔ طالبان کے حوالے سے وہ بھی نرم گوشہ رکھتے تھے۔ امریکہ اور مغرب کے متوقع ردعمل کو بھی بھانپ رہے تھے۔


یہ 25 مئی 1997 کا ذکر ہے۔ وزیراعظم نوازشریف اپنی اقامت گاہ کے ایک کمرے میں بیٹھے پی۔ٹی۔وی پر رات 9 بجے کا خبرنامہ دیکھ رہے تھے۔ شہہ سرخی تھی کہ پاکستان نے امارات اسلامی افغانستان (طالبان) کی حکومت کو تسلیم کرلیا ہے۔ میاں صاحب کو دھکچا لگا کہ یہ کب، کیسے، کیوں کر، کس کے حکم سے ہوگیا ہے؟ ”میں پاکستان کا وزیراعظم ہوں۔ بے تحاشہ عالمی الجھنیں رکھنے والے، قومی اہمیت کے حامل اتنے بڑے فیصلے کا علم مجھے پی۔ٹی۔وی کے خبر نامے کے ذریعے ہورہا ہے؟“حیرت زدگی کی کیفیت میں انہوں نے مشاہد حسین سیّد سے رابطہ کیا۔ وزیراطلاعات نے بتایا کہ جی ہاں میں نے بھی یہ خبر سنی ہے۔ میں معلوم کرتاہوں کہ یہ کہاں سے آئی اور کیسے چلی؟کچھ دیر بعد مشاہد صاحب نے وزیراعظم کو بتایا کہ یہ خبر وزارت خارجہ سے آئی تھی۔ ایم۔ڈی۔پی۔ٹی۔وی کی یہ وضاحت درست ہے۔ میں نے خود بھی وزارت خارجہ سے اس کی تصدیق کی ہے۔“ میاں صاحب نے مشاہد حسین کے ذمے لگایا کہ وہ وزیرخارجہ گوہرایوب خان سے پوچھیں کہ اس خبر کا ماخد کیا ہے؟ شاہ جی کے استفسار پر وزیرخارجہ نے بتایا کہ ”یہ خبر ایک اہم ایجنسی کی طرف سے آئی۔ ایک اعلی منصب پر فائز اہل کار نے خود مجھ سے بات کی اور یہ خبر چلانے کے لئے کہا۔“ وزیراعظم کی برہمی مزید بڑھ گئی کہ وزیرخارجہ میری کابینہ کا رکن ہے اور جس ایجنسی کا نام لیاجارہا ہے وہ بھی براہ راست میرے ماتحت ہے۔ پھر مجھ سے بالا بالا یہ سب کچھ کیسے ہوگیا؟ انہوں نے اپنے پرنسپل سیکریٹری انور زاہد سے کہاکہ وہ وزیرخارجہ سے مل کر تفصیلات پوچھیں۔ تفصیلات کیا آنا تھیں۔ اس بات کی تصدیق ہوگئی جو مشاہد حسین سیّد پہلے بتا چکے تھے۔


ابھی نوازشریف کو دوسری بار وزارت عظمی کامنصب سنبھالے بہ مشکل تین ماہ ہوئے تھے۔ آغاز سفر میں ہی ملک کے منتخب چیف ایگزیکٹو کو اپنی ”حدوں“ میں رکھنے کی اس واردات نے میاں صاحب کو برہم کردیا۔ چیف آف دی آرمی سٹاف، جنرل جہانگیر کرامت سے بات کی گئی تو انہوں نے ذمہ داری متعلقہ ایجنسی پر ڈال دی۔ ایجنسی کے سربراہ سے پوچھا گیا تو ملبہ ماتحت کے سر ڈال دیاگیا۔ وزیر خارجہ سے وضاحت چاہی گئی تو اس نے وہی کہانی سنادی۔ میاں صاحب نے اگلے ہی دن قریبی رفقا کا ایک مشاورتی اجلاس بلایا۔ ساری صورت حال اُن کے سامنے رکھی۔ تقریباً وہی تمہید باندھی جو وزارت عظمٰی کے ہر دور میں متعدد مواقع پر باندھتے رہے۔ انہوں نے فیصلہ سنایا کہ ”اس معاملے کی پوری چھان بین ہونی چاہیے لیکن ایک بات اہم ہے کہ وزیر خارجہ کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔ گوہرایوب صاحب کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ ایسا کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا تھا۔ اگر کسی نے کہابھی تھا تو وہ بتا دیتے کہ اتنی بڑی بات میں وزیراعظم کی منظوری کے بغیر نہیں کہہ سکتا۔“ میاں صاحب نے کہاکہ ”اس کے بعد انہیں اپنے منصب پر برقرار رکھنے کا کوئی جواز نہیں رہا۔“ شرکا کی اکثریت نے رائے دی کہ ”اس معاملے کا تعلق محض داخلی بدانتظامی، دفتر خارجہ کی نااہلی، کسی وزیرکی خودسری یا ادارہ جاتی کشمکش سے نہیں، اس کا تعلق امور خارجہ کی حساسیت سے ہے۔ پیغام یہ جائے گا کہ وزیراعظم نوازشریف، طالبان حکومت تسلیم کرنے کے خلاف تھے لہذا انہوں نے وزیرخارجہ کو معزول کردیا تو اس کا فوری اثر پاک افغان تعلقات پر پڑے گا۔ طالبان کے ساتھ کشیدگی پیدا ہوجائے گی۔ اپوزیشن کو بھی پراپگنڈے کا موقع ہاتھ آجائے گا۔ روایتی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ایک نیا محاذ کھل جائے گا۔ سو ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مصلحت غالب آگئی۔ وقتی طورپر گوہر ایوب خان کے خلاف کارروائی ٹل گئی _ لیکن کچھ عرصہ بعد اُنہیں وزارتِ خارجہ سے ہٹا کر پانی اور بجلی کی وزارت سونپ دی گئی۔ وزارت خارجہ سرتاج عزیز کے حصے میں آگئی۔


ہماری بیاض سیاست کے کسی صفحے پہ رقم یہ چھوٹی سی کہانی، بس کہانی ہی رہے گی۔ یہ پس پردہ تھی تو بھی قوم کا کچھ زیاں نہیں ہورہا تھا اور اب منظر عام پہ آگئی ہے تو بھی کوئی بھونچال نہیں آئے گا۔ ”مٹی پاﺅ“ کلچر کے سبب جہاں سقوط ڈھاکہ جیسا پہاڑ جتنا سانحہ، گورستانِ ماضی میں گم ہوگیا ہے وہاں اس نومولود انکشاف کی ننھی منی قبر کس کھاتے میں آتی ہے؟


تاہم ممکن ہے کہ اس کہانی سے کچھ سوالوں کی گنجلک گرہیں کھل سکیں۔ مثلاً یہ کہ نوازشریف کی ”اسٹیبلشمنٹ“ سے کیوں نہیں بنتی؟ ہر بار اس کا جھگڑا کیوں ہوجاتا ہے؟ کیا توتکار کا آغاز اس کی طرف سے ہوتا ہے یا پہلا تیر کسی اور کمین گاہ سے آتا ہے؟ وہ ”ریاست بالائے ریاست“ کا گِلہ کیوں کرتا ہے؟ ممکن ہے اس سوال کا جواب تلاش کرنے میں بھی کچھ مدد مل سکے کہ وہ وزیر خارجہ تعینات کرنے کے بجائے، وزارت خارجہ کا قلم دان اپنے پاس رکھنا کیوں پسند کرتا ہے؟